واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ہونے والے حالیہ معاہدے کے حوالے سے امریکی میڈیا کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے معروف ٹی وی چینل "سی این این” پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے سی این این کی رپورٹ کو روایتی "فیک نیوز” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دعویٰ سراسر غلط ہے کہ معاہدے میں جوہری امور کو شامل نہیں کیا گیا۔
وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے موقف کے مطابق صدر ٹرمپ نے اہم نکات پر روشنی ڈالی۔معاہدے کا سب سے بنیادی اور مرکزی حصہ ہی ایران کے جوہری معاملات پر قابو پانا ہے۔دستاویزات میں واضح طور پر یہ شق شامل ہے کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا۔
معاہدے کا ایک بڑا حصہ ایران کے جوہری پروگرام پر سخت اور تفصیلی گرفت برقرار رکھنے سے متعلق امور پر مشتمل ہے۔امریکی صدر نے واضح کیا کہ میڈیا کی جانب سے معاہدے کی حساس شقوں کو نظرانداز کر کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جبکہ حقیقت میں اس معاہدے کے اندر ایران کے خلاف نہایت مضبوط شقیں وضع کی گئی ہیں۔




