اسلام آباد:وفاقی بجٹ کے نکاتی ایجنڈے پر مسلم لیگ (ن) کی حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔ بجٹ تحفظات دور کرنے کے لیے دونوں جماعتوں کے وفود کے درمیان ہونے والا ہنگامی اجلاس بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا ہے، جس کے باعث بجٹ پر ڈیڈ لاک تاحال برقرار ہے۔
پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق، ہنگامی اجلاس میں صوبوں پر نئے ٹیکسز، سبسڈیز اور ترقیاتی فنڈز کی تقسیم پر ڈیڈ لاک ختم نہیں ہو سکا، تاہم تعطل کو دور کرنے کے لیے بات چیت کا عمل جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا اگلا اور فیصلہ کن راؤنڈ اب اعلیٰ قیادت کی سطح پر ہوگا، جس کے تحت پیپلز پارٹی کا وفد آج ہی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرے گا۔ اس ملاقات میں وزیراعظم کی سربراہی میں حکومتی وفد پی پی پی قیادت کو متبادل تجاویز پر اعتماد میں لینے کی کوشش کرے گا۔




