واشنگٹن/تہران: امریکا اور ایران نے باہمی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر ڈیجیٹل دستخط مکمل کر لیے ہیں، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مذاکراتی عمل میں پیش رفت کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، نائب صدر جے ڈی وینس اور ایران کی جانب سے پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دستخطوں کا عمل گزشتہ روز مکمل کیا گیا۔
امریکی حکام کے مطابق معاہدے کی مکمل تفصیلات آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران جاری کی جائیں گی، جبکہ دونوں فریقین کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات بھی رواں ہفتے کے آخر میں شروع ہوں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مفاہمتی یادداشت دونوں ممالک کے درمیان مستقبل کے مذاکرات کے لیے ایک بنیادی فریم ورک فراہم کرے گی۔ تاہم معاہدے میں شامل نکات اور اس کے دائرۂ کار سے متعلق تفصیلات سرکاری اعلان کے بعد ہی سامنے آئیں گی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پیش رفت خطے میں سفارتی سرگرمیوں کو نئی جہت دے سکتی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اہم امور پر بات چیت کے امکانات کو تقویت مل سکتی ہے۔




