اسلام آباد: ایران کے صدر مسعود پزشکیان آج ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ پاکستان کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
دورے کے دوران ایرانی صدر صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات، باہمی تعاون، علاقائی امن و استحکام اور خطے کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق صدر پزشکیان خطے میں جنگ بندی کے قیام اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کریں گے۔
دونوں ممالک کی قیادت اقتصادی، تجارتی اور سرحدی تعاون کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں روابط کو مزید وسعت دینے کے امکانات کا بھی جائزہ لے گی۔ مبصرین کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔




