لاہور: سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے آرٹیفشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کے ذریعے کیے گئے ہیلمٹ سروے کے نتائج جاری کر دیے، جن کے مطابق ماڈل روڈز پر موٹرسائیکل سواروں کی بڑی تعداد حفاظتی ہیلمٹ استعمال کر رہی ہے۔
ٹریفک پولیس کی رپورٹ کے مطابق ماڈل روڈز کے 17 اہم چوکوں پر مخصوص اوقات میں اے آئی سسٹم کے ذریعے ہیلمٹ کمپلائنس کا جائزہ لیا گیا۔ اس دوران 2 لاکھ 64 ہزار 112 موٹرسائیکلیں متعلقہ راستوں سے گزریں۔
سروے کے نتائج کے مطابق 2 لاکھ 56 ہزار 473 موٹرسائیکل سواروں نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا، جبکہ 7 ہزار 639 موٹرسائیکل سوار بغیر ہیلمٹ کے سفر کرتے پائے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ماڈل روڈز پر 97 فیصد سے زائد موٹرسائیکل سواروں نے ہیلمٹ کا استعمال کیا، جبکہ معمولی تعداد میں شہری بغیر ہیلمٹ کے سفر کرتے نظر آئے۔
سٹی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک قوانین کی نگرانی کا عمل مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں میں محفوظ ڈرائیونگ کے رجحان کو فروغ دیا جا سکے۔




