اسلام آباد: پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے مشترکہ آپریشن شعبان کے دوران سیکیورٹی فورسز نے سران ٹنگی میں کارروائی کرتے ہوئے مزید 4 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کے خلاف جاری آپریشن میں اب تک بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، جبکہ آپریشن شعبان میں ہلاک ہونے والے خارجیوں کی مجموعی تعداد 71 ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خارجی دہشتگردوں کے خلاف زمینی اور فضائی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 109 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔
سیکیورٹی فورسز ملک میں امن و استحکام کے قیام اور دہشتگرد عناصر کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔




