واشنگٹن: امریکا نے غیر ملکی طلبہ، ثقافتی تبادلہ پروگرام کے شرکاء اور صحافیوں کے لیے ویزا پالیسی میں اہم تبدیلیاں کردی ہیں، جن کے تحت ویزوں کی مدت محدود اور توسیع کا عمل سخت جانچ پڑتال سے مشروط ہوگا۔
امریکی محکمۂ داخلی سلامتی کی جانب سے جاری نئے ضابطے کے مطابق ایف کیٹیگری کے طلبہ ویزے، جے کیٹیگری کے تبادلہ پروگرام ویزے اور آئی کیٹیگری کے صحافتی ویزے اب مقررہ مدت کے لیے جاری کیے جائیں گے۔
نئے قوانین کے تحت ایف اور جے ویزا رکھنے والے افراد امریکا میں زیادہ سے زیادہ 4 سال تک قیام کرسکیں گے، جبکہ غیر ملکی صحافیوں کے لیے آئی ویزے کی مدت 240 دن مقرر کی گئی ہے۔ چینی صحافیوں کے لیے ویزے کی مدت 90 دن تک محدود ہوگی۔
امریکی حکام کے مطابق ویزے میں توسیع کے خواہشمند افراد کو بائیومیٹرک تصدیق، پسِ منظر کی جانچ اور دیگر حفاظتی مراحل سے گزرنا ہوگا۔
اس کے علاوہ ایف ون ویزا رکھنے والے طلبہ کے لیے امریکا چھوڑنے کی مہلت 60 دن سے کم کرکے 30 دن کردی گئی ہے، جبکہ ایف اور جے ویزوں کی توسیع کے لیے وفاقی منظوری لازمی ہوگی۔
حکام کے مطابق نئے ضابطے کو فیڈرل رجسٹر میں شائع کیے جانے کے بعد 60 روزہ جائزے کے عمل سے گزارا جائے گا، جس کے بعد اس پر عمل درآمد شروع ہوگا۔




