لنڈی کوتل: خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں طوفانی بارشوں کے باعث ندی نالوں میں آنے والے شدید سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی۔ مختلف علاقوں میں پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک بڑھ گیا، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔
ذرائع کے مطابق ایک طاقتور سیلابی ریلہ دو گاڑیوں کو بہا کر لے گیا، تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ دوسری جانب پاک افغان شاہراہ بھی کئی مقامات پر زیرِ آب آ گئی، جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکار صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، جبکہ شہریوں کو خراب موسم کے دوران احتیاط برتنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور سیلابی گزرگاہوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔




