مظفرآباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مظفرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر ان کے لیے جذباتی وابستگی رکھتا ہے اور وہ کشمیری عوام کو اپنا سمجھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان و کشمیر کا تعلق ہمیشہ قائم رہے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ وہ مظفرآباد مہمان بن کر نہیں آئیں بلکہ یہاں کے عوام اور وادیاں انہیں اپنے خاندان کا حصہ محسوس ہوتی ہیں۔ انہوں نے کشمیری عوام کی محبت، دعاؤں اور نیک خواہشات کو کبھی نہ بھولنے کا عزم ظاہر کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اگر آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوتی تو عوام کو موجودہ مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے ادوار میں آزاد کشمیر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا گیا۔عوام نے منتخب کیا تو آزاد کشمیر کی قسمت بدل دیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ وہ وعدے کرنے نہیں بلکہ پنجاب حکومت کی دو سالہ کارکردگی لے کر عوام کے سامنے آئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت، ترقیاتی منصوبوں اور مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں ڈنڈے تھمانے والے ان کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔ مریم نواز نے کہا کہ چند لوگ شکایات اور الزامات کی سیاست کر رہے ہیں، جبکہ عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ جتنا مضبوط پاکستان ہوگا اتنا ہی آزاد کشمیر مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے مسلم لیگ (ن) کو موقع دیا تو آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔




