واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں لبنانی صدر سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ امریکا لبنان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا اور ملک کی مدد میں اضافہ کرنے جا رہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ لبنان طویل عرصے سے کشیدہ حالات اور مشکلات کا سامنا کرتا رہا ہے، تاہم امریکا لبنان کے ساتھ احترام اور تعاون کی بنیاد پر تعلقات برقرار رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ لبنان میں حزب اللہ سمیت مختلف مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ جن علاقوں سے حزب اللہ پیچھے ہٹی ہے وہاں لبنانی فوج کنٹرول سنبھال رہی ہے۔
امریکی صدر نے حوثیوں کے معاملے پر کہا کہ امریکا بحیرۂ احمر کی بندش کی اجازت نہیں دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حوثیوں کی جانب سے بحیرۂ احمر بند کرنے کی کوشش کی گئی تو امریکا ضروری اقدامات کرے گا۔
ایران سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے، لیکن امریکا اس وقت تک بات چیت میں دلچسپی نہیں رکھتا جب تک تہران بامعنی انداز میں ملاقات کے لیے تیار نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا کے پاس جدید ترین ہتھیار اور دفاعی صلاحیتیں موجود ہیں، جبکہ ایران کی عسکری صلاحیتوں کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق خطے کی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید اقدامات کیے جائیں گے۔




