اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غریب اور مستحق بچوں کو معیاری تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے، نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے بہتر مواقع دے کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔
نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ معاشرے میں امیر اور غریب بچوں کے تعلیمی مواقع میں واضح فرق ہے۔ اشرافیہ کے بچوں کو تعلیم کی بہترین سہولیات حاصل ہوجاتی ہیں، جبکہ غریب بچوں کو بنیادی تعلیمی مواقع بھی میسر نہیں آتے۔
شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب تعلیم کے فروغ کے لیے متعدد اقدامات کیے اور کوشش کی کہ غریب خاندانوں کے بچے بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکیں۔ اسی مقصد کے تحت پنجاب میں دانش اسکول قائم کیے گئے، جن کا دائرہ کار آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک بھی بڑھایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ دانش اسکولوں کی طرز پر مزید تعلیمی ادارے قائم کیے جائیں تاکہ غریب اور مستحق بچوں کو معیاری تعلیم کے یکساں مواقع مل سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال ایک ہزار زرعی گریجویٹس کو جدید تعلیم کے لیے چین بھیجا گیا، جبکہ میرٹ پر 7 لاکھ طلبہ و طالبات کو لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے۔ رواں سال مزید ڈھائی لاکھ لیپ ٹاپ طلبہ میں تقسیم کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں تعلیم اور ہنرسے آراستہ کرکے روزگار کے مواقع فراہم کرنا ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔




