اسلام آباد: شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے وزارت خارجہ میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور شام کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے قریبی روابط اور باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
اسحاق ڈار اور اسعد حسن الشیبانی نے علاقائی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت پر اپنے اپنے مؤقف سے ایک دوسرے کو آگاہ کیا۔
شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں۔ شامی سرکاری میڈیا کے مطابق تقریباً 19 برس بعد کسی شامی وزیر خارجہ کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔




