اسلام آباد: پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی سعودی کاروباری وفد نے پاکستان کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران سعودی وفد نے حکومتی حکام اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کے مختلف ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقاتوں میں توانائی، پٹرولیم، نجکاری، صنعت، مواصلات اور ہائی ویز کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جی ٹو جی اور بی ٹو بی تعاون کے تحت مشترکہ منصوبوں اور کاروباری شراکت داری کے امکانات بھی زیرِ غور آئے۔
ایس آئی ایف سی نے سعودی وفد کی ملاقاتوں کے لیے مؤثر رابطہ کاری اور سہولت کاری کا کردار ادا کیا۔ اس عمل سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری روابط میں اضافے اور پاک سعودی اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔




