اسلام آباد: افغانستان سے دہشت گردی اور سرحد پار جرائم وسطی ایشیا کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن گئے ہیں، جبکہ افغانستان کی سکیورٹی صورتحال بدستور پڑوسی ممالک کے لیے تشویش کا باعث ہے۔
امریکی جریدے یوریشیا ریویو کی رپورٹ کے مطابق افغانستان سے ملحقہ ممالک کو سرحدی سلامتی کے حوالے سے مختلف چیلنجز درپیش ہیں، جن میں غیرقانونی نقل و حرکت، انتہاپسندی اور منشیات کی اسمگلنگ نمایاں ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تاجکستان کو افغانستان سے دراندازی، انتہاپسندی، منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر غیرقانونی سرگرمیوں سے جڑے خطرات کا سامنا ہے۔ ان چیلنجز کے باعث سرحدی نگرانی اور سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانا اہم ضرورت بن گیا ہے۔
یوریشیا ریویو کے مطابق افغانستان کی صورتحال کے اثرات صرف اس کے ہمسایہ ممالک تک محدود نہیں رہتے بلکہ خطے کے وسیع تر امن و استحکام کو بھی متاثر کر سکتے ہیں۔ ایسے میں سرحد پار جرائم کی روک تھام اور علاقائی سلامتی کے لیے تعاون کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔




