پاکستان
Trending

پاکستان کا سفارتی کردار تسلیم کیا جا رہا ہے، معیشت بھی مستحکم ہوچکی، اسحاق ڈار

 

لندن: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان آج سفارتی طور پر پہلے سے کہیں بہتر مقام پر ہے، جبکہ ملکی معیشت بھی مستحکم ہوچکی ہے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ برطانیہ کا دورہ انتہائی کامیاب رہا، دورے کے دوران اہم ایجنڈا آئٹمز پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی اور قومی سلامتی کے مشیر سمیت اہم حکام سے ملاقاتیں ہوئیں۔

نائب وزیراعظم کے مطابق برطانوی حکام نے امریکا، ایران ثالثی میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور سفارتی کوششوں کی بھی تعریف کی گئی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات کے لیے اہم اثاثہ ہے، دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت تک پہنچانے کے لیے کام جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عالمی بحری تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات میں ایم ٹی آنر 25 پر موجود 10 پاکستانی بحری کارکنوں کی رہائی کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ کارکنوں کی رہائی کے لیے عالمی اصولوں کے مطابق حکمت عملی اپنائی گئی۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ملکی معیشت کو درست سمت میں گامزن کیا ہے۔ 2017 میں ترقی کرتے پاکستان کا راستہ روکا گیا، تاہم اب معیشت مستحکم ہوچکی ہے۔

اسحاق ڈار کے مطابق پاکستان نے سلامتی کونسل کی نشست 182 ووٹ لے کر حاصل کی، جبکہ بھارت کے خلاف کامیابی سے پاکستان کا عالمی وقار بلند ہوا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ 12 ماہ میں پاکستان ای سی او اور ایس سی او کی چیئرمین شپ سنبھالے گا۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں، جبکہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنا قابلِ افسوس ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button