اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب نے زرعی و غذائی تحفظ کے شعبے میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کرلیا، دونوں ممالک نے پاکستانی زرعی و غذائی مصنوعات کی سعودی عرب کو برآمدات آئندہ دو سال میں 3 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق چاول، سرخ گوشت، پھل، فروٹ کنسنٹریٹس اور سبز چارے کو ترجیحی شعبے قرار دیا گیا ہے، جبکہ پانی کے مؤثر استعمال پر مبنی جدید زرعی ٹیکنالوجیز میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان نے 2025 میں سعودی عرب کو تقریباً ایک لاکھ 69 ہزار ٹن چاول برآمد کیے، جن کی مالیت تقریباً 163 ملین ڈالر رہی۔ سعودی عرب نے پاکستانی سرخ گوشت کی درآمد بتدریج دوگنا کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
دونوں ممالک نے پھلوں اور فروٹ کنسنٹریٹس کی برآمدات بڑھانے کے وسیع امکانات سے فائدہ اٹھانے، جبکہ سعودی اور پاکستانی نجی شعبوں کے درمیان کاروباری روابط اور سرمایہ کاری میں اضافے پر بھی زور دیا۔
اعلامیے میں بھکر، پنجاب میں پانی کے مؤثر استعمال پر مبنی آبپاشی پروگرام کے پہلے مرحلے کی کامیابی کا خیرمقدم کیا گیا۔ لائیو اسٹاک، ایگری فوڈ پراسیسنگ اور چاول کی ویلیو چین میں پاکستانی سرمایہ کاری کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
پاکستان اور سعودی عرب نے طے شدہ مفاہمتوں کو عملی شکل دینے اور زرعی تعاون مزید فروغ دینے کے لیے باہمی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔




