راولپنڈی:راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، متعدد نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ پاک فوج، واسا، ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
ڈھوک نجو نالے میں پانی کی سطح پل تک پہنچ گئی، جبکہ نالہ لئی میں پانی 27 فٹ کی خطرناک سطح تک پہنچنے کے بعد اب کم ہونا شروع ہوگیا ہے۔ ممکنہ خطرے کے پیش نظر نالہ لئی کے اطراف کی آبادیوں کو خالی کرا لیا گیا۔
کٹاریاں اور گوالمنڈی میں بھی پانی کی سطح بلند ہے۔ جاوید کالونی، ندیم کالونی، صفدر آباد اور ہزارہ کالونی میں پانی گھروں میں داخل ہونے کے بعد شہری گھروں کی چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی میں بارش کا 16 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ نیو کٹاریاں میں 230، چکلالہ میں 206، شمس آباد میں 203 اور گولڑہ میں 157 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
سیلابی صورتحال کے باعث راولپنڈی کے تعلیمی ادارے آج بند ہیں۔ ڈی سی ندیم ناصر کے مطابق نالہ لئی میں گرنے والے نالوں کے بیک فلو کے باعث صورتحال سنگین ہوئی، تاہم پانی کی سطح کم ہونے کے بعد حالات جلد معمول پر آنے کی توقع ہے۔
بنی گالہ میں 160 ملی میٹر بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ واسا نے ہیوی مشینری اور عملہ متاثرہ علاقوں میں تعینات کردیا ہے، جبکہ نالہ لئی اور دیگر نالوں کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔
خانپور ڈیم اور راول ڈیم میں پانی خطرے کے نشان تک پہنچنے پر سپل ویز کھول دیے گئے ہیں۔




