اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پمز ہسپتال کا دورہ کیا اور اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سرکاری ہسپتالوں میں فائر سیفٹی آڈٹ کی پیش رفت، حفاظتی اقدامات اور ہسپتالوں میں سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ہسپتالوں کے سربراہان، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ، جوائنٹ سیکرٹری ہسپتال، ڈی جی ہیلتھ اور ڈی ایچ او اسلام آباد نے شرکت کی۔
وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پمز ہسپتال پر مریضوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے ٹیلی میڈیسن سینٹر کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے پمز اور چلڈرن ہسپتال میں کولنگ سسٹم کو مؤثر بنانے کے لیے ایچ وی اے سی نظام کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
مصطفیٰ کمال نے وزیراعظم ہیلتھ کارڈ کی سہولیات سے متعلق شہریوں میں بھرپور آگاہی پیدا کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں وزیراعظم ہیلتھ کارڈ کے پینل پر موجود 15 ہسپتالوں میں شہریوں کو مفت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
وزیر صحت نے کہا کہ اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے شہری وزیراعظم ہیلتھ کارڈ کے تحت پینل ہسپتالوں سے مفت علاج کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔
بعد ازاں وفاقی وزیر صحت نے پمز کی نیو ایمرجنسی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور اسے ہنگامی بنیادوں پر آپریشنل کرنے کی ہدایت کی۔




