بشکیک: پاکستان اور کرغزستان نے تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانزٹ، تعلیم، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی اور سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صدار ژاپاروف کی موجودگی میں متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط کیے۔
معاہدوں میں دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ کے درمیان 2026-27 کے لیے پروگرام آف کوآپریشن، اسٹریٹجک تحقیق، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، ماحولیات، ورچوئل اثاثوں، ڈاک اور ای کامرس سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کی دستاویزات شامل ہیں۔ لاہور اور کرغزستان کے شہر اوش کو سسٹر سٹیز بنانے کا معاہدہ بھی طے پایا۔
پاکستان اور کرغزستان نے ٹرانزٹ تجارت کے معاہدے کو بھی اہم پیش رفت قرار دیا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور علاقائی رابطوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ دونوں جانب سے نقل و حمل، کسٹمز اور انتظامی طریقہ کار کو مزید آسان بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دوطرفہ تجارت تقریباً 16 ملین ڈالر ہے، جسے آئندہ دو برس میں 200 ملین ڈالر تک بڑھانے کے لیے جامع عملی منصوبہ تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے مشترکہ سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
دونوں ممالک نے دہشت گردی، انتہاپسندی، منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ اور دیگر جرائم کے خلاف تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ اس سلسلے میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف تعاون، حوالگی اور فوجداری معاملات میں باہمی قانونی معاونت سے متعلق دستاویزات بھی طے پائیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر صدار ژاپاروف نے پاکستان اور کرغزستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعاون کو عملی سطح پر آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔




