بشکیک: وزیراعظم شہباز شریف نے کرغزستان کے صدر صدار ژاپاروف کے ہمراہ آلا آرچا نیشنل پارک کا دورہ کیا، جہاں وزیراعظم کو کرغز ثقافت اور روایتی طرزِ زندگی کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے کرغزستان کے صدیوں پر محیط ثقافتی ورثے کو سراہا اور روایتی گھڑ سواری سمیت عقابوں سے شکار کی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر شہباز شریف نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
کرغزستان کے وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور پاکستانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ ظہرانے میں پاک کرغز دوستی اور خیرسگالی کی عکاسی کرنے والی ثقافتی پرفارمنس پیش کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ثقافتی پرفارمنس نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوستانہ تعلقات اور باہمی احترام کو اجاگر کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بشکیک میں آتا بیئت یادگاری مرکز کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے معروف کرغز اور سوویت ادیب چنگیز ایتماتوف کی قبر پر پھول رکھے اور وہاں مدفون دیگر افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آتا بیئت کرغزستان کا ایک اہم قومی اور تاریخی یادگاری مقام ہے، جہاں ملک کی تاریخ سے وابستہ اہم شخصیات مدفون ہیں۔




