پاکستان
Trending

فیول ریلیف سکیم، وفاقی وزرا نے عوام کیلئے سہولت کی تفصیلات جاری کردیں

 

اسلام آباد:وفاقی وزرا شزہ فاطمہ، عطا تارڑ اور علی پرویز ملک نے وزیراعظم فیول ریلیف سکیم کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت موجودہ حالات میں کمزور طبقے کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر شزہ فاطمہ نے کہا کہ وزیراعظم نے غریب طبقے کیلئے پٹرولیم مصنوعات پر خصوصی ریلیف کا اعلان کیا ہے۔ موٹر سائیکل سواروں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کو 100 روپے فی لیٹر رعایت دی جائے گی۔

ان کے مطابق موٹر سائیکل سواروں کیلئے ماہانہ 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کیلئے 30 لیٹر فیول پر ریلیف مقرر کیا گیا ہے۔ شہری پروگرام میں رجسٹریشن کیلئے 9711 پر پیغام بھیجیں، جبکہ نام، پلیٹ نمبر اور صوبے کا اندراج ضروری ہوگا۔

شزہ فاطمہ نے بتایا کہ رجسٹریشن کے بعد 9771 پر پیغام بھیج کر ٹوکن حاصل کرنا ہوگا، جسے پٹرول پمپ پر دکھانے کے بعد ریلیف حاصل کیا جاسکے گا۔ انہوں نے شہریوں کو ٹوکن نمبر محفوظ رکھنے اور فراڈ سے بچنے کیلئے محتاط رہنے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے عام آدمی کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیول ریلیف اسکیم کا اجرا کیا ہے، جس سے موٹر سائیکل اور 800 سی سی تک گاڑیوں کے مالکان فائدہ اٹھا سکیں گے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ خطے کی صورتحال کے باعث توانائی کے شعبے کو چیلنجز کا سامنا ہے۔ پاکستان اپنی توانائی کی ضروریات کا 90 فیصد درآمد کرتا ہے، تاہم حکومت عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے عوام کیلئے 130 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی ہے اور موجودہ حالات میں حکومت کمزور طبقے کی مدد کیلئے مزید اقدامات کر رہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button