کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے عالمی ادارہ خوراک پاکستان کی نمائندہ انیتا ہرش نے ملاقات کی، جس میں سندھ میں اسکول کھانا پروگرام اور بچوں کی غذائی ضروریات سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں بتایا گیا کہ امریکی محکمہ زراعت کی جانب سے سکول کھانا پروگرام کے لیے 80 ملین ڈالر کی گرانٹ جاری کردی گئی ہے۔
اس پروگرام سے سندھ کے پانچ اضلاع کے ایک ہزار 336 سرکاری سکولوں میں زیرِ تعلیم ڈھائی لاکھ طلبہ مستفید ہوں گے۔ پروگرام کے تحت طلبہ کو اسکول میں غذائیت سے بھرپور خوراک فراہم کی جائے گی۔
ملاقات میں غذائیت کے فروغ، سماجی تحفظ اور موسمیاتی لچک کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ صوبے میں بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے تعاون جاری رکھنے پر گفتگو ہوئی۔




