اکوڑہ خٹک: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے قومی پیغامِ امن کمیٹی کے اراکین اور مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام سے ملاقات کی۔
ملاقات میں امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی کے فروغ سمیت مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ امن، رواداری اور قومی یکجہتی کے پیغام کو معاشرے میں فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے علمائے کرام کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کے ذریعے معاشرے میں برداشت اور اتحاد کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزارتِ اطلاعات قومی پیغامِ امن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیے کو مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔
ملاقات کے دوران ملک میں پائیدار امن کے قیام اور قومی سطح پر اتحاد و یکجہتی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔




