نیویارک: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے نیویارک میں گروپ آف ایٹ عرب اسلامی ممالک کے وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے غزہ میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں اور انسانی جانوں کے زیاں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اجلاس کے دوران مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی اسرائیلی آبادکاری اور تشدد کی شدید مذمت کی، اور واضح کیا کہ مقدس مقامات کی تاریخی حیثیت کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی مذموم کوشش کو ہر صورت مسترد کیا جانا چاہیے۔ اسحاق ڈار نے غزہ امن منصوبے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عملدرآمد پر زور دیا۔ اس موقع پر انہوں نے دوٹوک انداز میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مبنی اور القدس الشریف کو دارالحکومت بنانے کے ساتھ ایک خود مختار، آزاد اور متصل فلسطینی ریاست کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔




