راولپنڈی: راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف اطراف میں اہم شاہراہیں رات 11 بجے سے تاحکمِ ثانی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق ایم ون پشاور موٹروے ہارون برج، جبکہ ایم 14 سی پیک موٹروے کانی پل اور ترپ انٹرچینج کے قریب سے بند رہے گی۔
ای 35 ہزارہ موٹروے کو ہزارہ انٹرلنک اور برہان انٹرچینج، جبکہ جی ٹی روڈ کو اٹک خورد کے مقام سے بند کیا جائے گا۔
راولپنڈی، کوہاٹ روڈ خوشحال گڑھ اور ایبٹ آباد، حسن ابدال روڈ جھاری کس چیک پوسٹ سے بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ٹریفک حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شاہراہوں کی بندش کے دوران سفر سے قبل صورتحال سے آگاہ رہیں اور دستیاب متبادل راستے استعمال کریں۔




