اسلام آباد:مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا نے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے امن و امان، پولیس، صحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں سے متعلق اپنے اعتراضات پیش کردیے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان اور رکن قومی اسمبلی ثمر ہارون بلور نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی کے لیے خیبر پختونخوا کو 800 ارب روپے سے زائد فراہم کیے گئے، تاہم ان کے بقول پولیس کو جدید اسلحہ اور ضروری آلات سے لیس نہیں کیا گیا۔
انہوں نے صوبائی حکومت پر الزام عائد کیا کہ صوبے کے وسائل عوامی فلاح کے بجائے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیے جارہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی میں اضافے کے ساتھ تعلیم اور صحت کے شعبے بھی حکومتی عدم توجہی کا شکار ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے صوبائی حکومت پر پولیس فورس کو سیاسی بنانے کی کوشش کا بھی الزام عائد کیا۔




