تہران :ایران نے اپنی فضائی صنعت کے خلاف عائد پابندیوں پر بین الاقوامی شہری ہوا بازی تنظیم (آئی سی اے او) میں باضابطہ شکایت جمع کرا دی ہے۔
ایرانی سول ایوی ایشن تنظیم کے سربراہ ابوذر شیروڈی کے مطابق ہوائی اڈوں، طیاروں اور ریڈار نظام پر حملے بین الاقوامی قوانین اور موجودہ ضوابط کے تحت جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق، ایران نے ان واقعات کے حوالے سے دی ہیگ کی عدالت میں بھی شکایت دائر کی ہے۔ شیروڈی نے کہا کہ آئی سی اے او نے ہوائی اڈوں اور طیاروں پر حملوں اور بمباری کے معاملے میں ایران کے مؤقف کی تائید کی ہے، تاہم دی ہیگ کی عدالت میں یہ معاملات ابھی زیرِ سماعت ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کو کسی ممکنہ ہرجانے کا فیصلہ دی ہیگ کی عدالت کے حتمی فیصلے کے بعد ہی ہوگا۔
دوسری جانب امریکی پابندیوں کے نفاذ کے بعد ایرانی ایئرلائنز کی پروازیں کئی ممالک میں متاثر ہوئی ہیں۔ عراق، جارجیا، متحدہ عرب امارات، آذربائیجان اور عمان نے ایرانی پروازوں کی آمد و رفت روک دی ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق، ایرانی فضائی کمپنیاں اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے نئے فضائی راستے کھولنے کی غرض سے مختلف ممالک کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہیں۔




