راولپنڈی: امریکی افغانستان وار کمیشن کے وفد نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت شمائلہ این چودھری اور ڈاکٹر کولن ایف جیکسن نے کی۔
ملاقات میں افغانستان کی صورتحال، خطے میں امن و استحکام اور افغانستان تنازع کے دوران پاکستان کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی وفد نے افغانستان تنازع کے دوران پاکستان کی جانب سے ادا کیے گئے کردار اور دی جانے والی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ وفد نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو بھی سراہا۔
ملاقات میں افغانستان سے متعلق پاکستان کے تجربات، خطے کی سلامتی اور مستقبل میں پائیدار امن کے امکانات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔
امریکی افغانستان وار کمیشن افغانستان میں امریکی جنگ کے دوران اختیار کی گئی پالیسیوں، فیصلوں اور حاصل ہونے والے تجربات کا جائزہ لے رہا ہے۔




