مدھیہ پردیش: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اجین میں تاریخی شاہی مسجد کے ممکنہ انہدام کے معاملے پر مسلم برادری کا احتجاج جاری ہے۔
مسلم نمائندوں کے مطابق شاہی مسجد تاریخی اور مذہبی اہمیت کی حامل ہے، جسے سڑک کی توسیع کے منصوبے میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مسجد کے تحفظ کے لیے گزشتہ دو ہفتوں سے احتجاج کیا جا رہا ہے۔
مقامی رپورٹس کے مطابق رات گئے انتظامیہ کی جانب سے بلڈوزر کے ذریعے کارروائی کی کوشش کی گئی، جس کے بعد بڑی تعداد میں مسلمان مسجد میں جمع ہوگئے اور ممکنہ مسماری کے خلاف احتجاج کیا۔ صورتحال کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی۔
مسجد کے تحفظ کے لیے مسلم فریق نے عدالت سے بھی رجوع کیا، تاہم ہائی کورٹ سے درخواستوں پر مطلوبہ ریلیف نہیں مل سکا۔
دوسری جانب انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ سڑک کی توسیع کا منصوبہ شہری سہولیات بہتر بنانے اور 2028 کے سنگھستھ میلے کی تیاریوں کے سلسلے میں ہے۔
مسجد کی تاریخی حیثیت، سڑک کی توسیع اور ممکنہ انہدام کے معاملے پر تنازع برقرار ہے، جبکہ مسلم برادری مسجد کے تحفظ کا مطالبہ کر رہی ہے۔




