نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کے اقوام متحدہ کے امن و ترقی کے ایجنڈے کے لیے کردار اور حمایت کو سراہا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد سے الوداعی ملاقات کے دوران پاکستان کی سفارتی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔
انتونیو گوتریس نے سلامتی کونسل کے موجودہ رکن کی حیثیت سے پاکستان کے کردار اور ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے عاصم افتخار احمد کو پاکستان کا سیکریٹری خارجہ مقرر ہونے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر عاصم افتخار احمد نے اپنے دورِ سفارت کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور ان کی ٹیم کی جانب سے ملنے والے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
پاکستانی مستقل مندوب نے کثیرالجہتی نظام، اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے لیے انتونیو گوتریس کی قیادت اور اصولی حمایت کو بھی سراہا۔




