اسلام آباد: عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، چینی سفیر جیانگ زائڈونگ اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی صدر شی جن پنگ اور چینی عوام کو قومی دن کی مبارکباد دی۔ انہوں نے چینی قوم کی ثابت قدمی، اتحاد اور ترقی کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ عالمی امن، استحکام اور ترقی میں چین کا اہم کردار ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین نے انسانی ترقی، سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کے میدان میں نمایاں ترقی کی ہے۔ 2026 دونوں ممالک کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ پاکستان اور چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین دوستی نے زلزلوں، طوفانوں اور سیلاب سمیت ہر آزمائش میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ سی پیک دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی اور مشترکہ خوشحال مستقبل کے عزم کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین سی پیک کے اگلے مرحلے سی پیک 2.0 میں داخل ہو رہے ہیں۔ نئے مرحلے میں صنعت کاری، خصوصی اقتصادی زونز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، زراعت، کان کنی اور معدنیات کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ ایک ہزار پاکستانی زرعی گریجویٹس کا پہلا گروپ چین میں تربیت مکمل کرچکا ہے، جبکہ مزید ایک ہزار زرعی گریجویٹس چین جانے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کی تربیت کو پاکستان کے مستقبل کے لیے اہم سرمایہ کاری قرار دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان چین تعلقات ملکی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہیں اور حکومت دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پانے والی اہم مفاہمت پر عمل درآمد کے لیے پُرعزم ہے۔
چینی سفیر جیانگ زائڈونگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان ہر موسم کے تزویراتی تعاون کے شراکت دار ہیں۔ گزشتہ 75 برسوں میں دونوں ممالک نے خوشی اور غم میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور ہر مشکل وقت میں بھائیوں کی طرح ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے۔
چینی سفیر نے پاکستان کے کثیرالجہتی تعاون اور عالمی و علاقائی امن کے لیے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں پاک چین عملی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے وزیراعظم کی کاوشوں کو بھی سراہا۔




