اسلام آباد: پاکستان نے انٹرنیشنل بارڈر کے بدیان سیکٹر میں دو پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔ بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے پاکستانی شہریوں کے قتل پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان کے مطابق بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے 2 اکتوبر کو دو پاکستانی شہریوں کے خلاف مہلک طاقت کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں دونوں جان سے گئے۔
ترجمان نے کہا کہ نہتے شہریوں کے خلاف بلااشتعال طاقت کا استعمال بلاجواز اور انتہائی غیر متناسب تھا۔ پاکستان جاں بحق شہریوں کو ’’درانداز‘‘ قرار دینے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق واقعہ بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ پاکستان نے بھارتی حکام سے واقعے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔




