کھیل

ایشیا کپ 2025: بھارت نے پاکستان کو سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے دی

دبئی : دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 15 رنز بنا کر ہاردک پانڈیا کی گیند پر 21 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ فخر زمان کے آؤٹ ہونے پر سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی اور صارفین نے فیصلے کو متنازع قرار دیا۔ فخر کے بعد صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 93 رنز تک پہنچایا، تاہم صائم ایوب 21 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

قومی ٹیم کے تیسرے اور چوتھے کھلاڑی حسین طلعت اور صاحبزادہ فرحان بالترتیب 10 اور 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد نواز نے 21 رنز بنائے، جبکہ کپتان سلمان آغا اور فہیم اشرف ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت نے پاکستان کے دیے گئے 172 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ ابھیشیک شرما نے 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ شبمن گل 47 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔ ہاردک پانڈیا اور تلک ورما ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 2، فہیم اشرف اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کیں۔ پاکستانی ٹیم میں فہیم اشرف اور حسین طلعت کو پلئینگ الیون میں شامل کیا گیا تھا جبکہ بھارتی ٹیم میں جسپریت بھمراہ اور ورون چکرورتی کی واپسی ہوئی۔

میچ کے دوران ہینڈ شیک کا تنازع اور میچ کے بعد بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کے سیاسی بیان نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ کر دیا۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹاس کے بعد ہاتھ نہیں ملائے۔ واضح رہے کہ گروپ مرحلے میں بھی بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button