اسلام آباد:وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے آئی ایف سی کے ڈائریکٹر سائمن اینڈریوز نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور نجی شعبے کے لیے مالی سہولیات بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیر خزانہ نے کہا کہ زراعت، ہاؤسنگ اور چھوٹے کاروبار حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال اور مضبوط ہونے سے پائیدار معاشی ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ معاشی استحکام کے ثمرات نجی شعبے کی پائیدار ترقی تک پہنچانا حکومت کی توجہ کا مرکز ہے۔ انہوں نے زرعی شعبے اور کسانوں کے لیے مالیاتی سہولیات تک آسان رسائی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
آئی ایف سی حکام نے کاروباری افراد کے لیے نئے فنڈز کے قیام سے متعلق وزیر خزانہ کو بریفنگ دی۔ ملاقات میں مقامی کرنسی میں مالی معاونت اور طویل مدتی وسائل کی فراہمی کے امکانات بھی زیرِ غور آئے۔
فریقین نے پاکستان میں پائیدار معاشی ترقی کے لیے نجی شعبے کے تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔




