اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت موسم سرما میں گیس لوڈ مینجمنٹ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں سردیوں کے دوران گیس کی فراہمی اور طلب و رسد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو موسم سرما کے لیے جامع گیس لوڈ مینجمنٹ پلان تیار کرنے اور ضروری اقدامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں گیس کی بلاتعطل درآمد کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے گیس لوڈ مینجمنٹ کی حکمت عملی سے متعلق عوامی آگہی مہم بھرپور انداز میں چلانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ مقامی گیس کی فراہمی میں گھریلو صارفین کو ترجیح حاصل ہوگی، جبکہ بجلی کی پیداوار اور صنعتی شعبے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے آر ایل این جی کو ترجیح دی جائے گی۔
وزیراعظم نے گیس کی دستیابی اور مؤثر تقسیم کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مربوط اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔




