پاکستان
Trending

پاکستان اور آئی ایل او کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

 

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور آئی ایل او کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے اور افرادی قوت کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ اقدامات پر گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ساتھ مثبت شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے پاکستان اور آئی ایل او کے درمیان مضبوط تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ افرادی قوت کی عالمی سرٹیفکیشن کے لیے آئی ایل او کی مزید سہولت پاکستانی ورکرز کے لیے معاون ثابت ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت افرادی قوت کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت نے اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کو بھی ازسرنو فعال کیا ہے، آئی ایل او کے ساتھ مضبوط تعاون سمیڈا کے اقدامات کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہنرمند افرادی قوت کی ترقی اور عالمی معیار کے مطابق پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے ملاقات پر وزیراعظم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے افرادی قوت کے تحفظ، روزگار کے مواقع اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے پاکستان کے ساتھ مشترکہ کاوشوں کو مزید آگے بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور آئی ایل او کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور افرادی قوت کی ترقی کے لیے باہمی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button