اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر امیر مقام نے ملاقات کی، جس میں خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صوبے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کو ہر قیمت پر روکنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ خیبر پختونخوا میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی ہو اور عوام کو ترقی کے یکساں مواقع میسر آئیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن کو لانگ مارچ ختم کرکے مذاکرات کی پیشکش کی ہے۔ وزیراعظم نے اس معاملے پر صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی، جس میں لانگ مارچ کی صورتحال اور اپوزیشن سے مذاکرات کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
ملاقات میں خیبر پختونخوا کے سیاسی مستقبل اور صورتحال سے متعلق مختلف قانونی آپشنز پر بھی غور کیا گیا۔




