پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس میں 17 ہزار خالی آسامیوں پر بھرتیاں کرنے، پولیس شہدا کے خاندانوں کی مشکلات حل کرنے اور ان کے بچوں کو بہتر تعلیم فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پولیس شہدا کی قربانیوں کی وجہ سے آج عوام سکون کی نیند سو رہے ہیں۔ پولیس دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں صف اول میں کھڑی ہے، اس لیے پولیس کو ضروری سہولیات فراہم کرکے مزید مضبوط بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں کے ساتھ ویلفیئر فنڈ میں بھی اضافہ کرنا ہوگا۔ پولیس شہدا کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے محض وعدے کافی نہیں، بلکہ عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں امن کا قیام ان کے لیے سیاسی نعرہ نہیں بلکہ اولین ترجیح ہے۔ صوبے میں امن قائم کرنے کے لیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
گورنر نے کہا کہ صوبے کی ترقی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، تاہم پہلے امن قائم کیا جائے گا اور اس کے بعد ترقی کا جال بچھایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پولیس کے ساتھ کھڑے ہیں اور صوبے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی




