اسلام آباد: پشاور کے علاقے دیر کالونی میں سکول کی چھت گرنے کے المناک حادثے پر ملک کی اعلیٰ سیاسی قیادت نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سانحے پر متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ دلخراش سانحہ پوری قوم کے لیے صدمے کا باعث ہے۔ بچوں اور اساتذہ کی ہلاکتیں انتہائی افسوسناک ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ وہ جاں بحق بچوں کے غمزدہ والدین کے دکھ کو سمجھ سکتی ہیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے لیے صبر و ہمت کی دعا بھی کی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حادثے کی خبر پر شدید صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جاں بحق طلبہ کے والدین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔




