اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف جارحیت کی دھمکیوں پر مبنی بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ پاکستان کے امن کے عزم کو کمزوری نہ سمجھا جائے، کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کے غیرذمہ دارانہ بیانات جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ پاکستان نے گزشتہ سال مئی میں بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر اپنے دفاع کی صلاحیت اور عزم کا مظاہرہ کیا۔ بھارت کو گزشتہ سال کے تجربے سے سبق سیکھتے ہوئے جارحانہ طرزِعمل اور اشتعال انگیز بیان بازی ترک کرنی چاہیے۔
دوسری جانب ترجمان نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔ پاکستان حملوں میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہے اور مکہ معاہدے کے تحت سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عمان کے وزیر خارجہ کے دورۂ پاکستان کے دوران دونوں ممالک نے مختلف اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، جبکہ پانچ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ ان معاہدوں سے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی روس کے وزیر داخلہ سے ملاقات میں پاکستان اور روس کے تعلقات میں مثبت پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں ممالک نے کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔
دفتر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام ممالک کو ذمہ دارانہ طرزِعمل اختیار کرنا ہوگا۔




