استنبول: ترکیہ کے علاقے مرمرہ میں شدید اور غیر معمولی بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی، جبکہ استنبول میں بارشوں کی شدت نے موسمیاتی ریکارڈ توڑ دیے۔
رپورٹ کے مطابق استنبول کے مختلف اضلاع میں چند گھنٹوں کے دوران 100 سے 130 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی، جو موسمِ خزاں میں تقریباً دو ماہ کے دوران ہونے والی اوسط بارش کے مساوی ہے۔
اچانک ہونے والی شدید بارش کے باعث شہر کا نکاسیٔ آب کا نظام ناکافی ثابت ہوا اور متعدد انڈر پاسز، زیرِ زمین گزرگاہیں اور نشیبی علاقوں میں واقع عمارتوں کے نچلے حصے پانی میں ڈوب گئے۔ کئی محلوں میں سیلابی پانی داخل ہونے سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔
مرمرہ کے وسیع علاقے میں بارشوں نے صورتحال کو سنگین بنا دیا، تاہم استنبول کو سب سے زیادہ متاثرہ شہر قرار دیا گیا، جہاں مختلف علاقوں میں نقصان کی اطلاعات سامنے آئیں۔
ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ترکیہ کے مرکزی حکام نے امدادی وسائل متحرک کر دیے۔ آفات و ہنگامی حالات سے نمٹنے کے ادارے نے متاثرہ علاقوں میں پانی نکالنے والے طاقتور پمپ، تلاش اور بچاؤ کی ٹیمیں اور پانی میں چلنے والی خصوصی گاڑیاں روانہ کر دیں۔
محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو شدید موسم کے پیشِ نظر غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے اور گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔




