پاکستان
Trending

پاکستان میں کھیلوں کی بحالی کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو بھرپور مواقع فراہم کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف

 

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایشین گیمز میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملک میں کھیلوں کے فروغ، نوجوان ٹیلنٹ کی سرپرستی اور کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ماضی میں ہاکی، کرکٹ اور اسکواش سمیت مختلف کھیلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر چکا ہے۔ ایک وقت تھا جب ہاکی کے میدان میں پاکستان کو عروج حاصل تھا، جبکہ جہانگیر خان اور جان شیر خان نے اسکواش میں ملک کا نام روشن کیا۔ کرکٹ میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

شہباز شریف نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی، جبکہ کھلاڑیوں کو بہتر تربیت، تربیت یافتہ کوچز اور مناسب وسائل کی فراہمی بھی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پی آئی اے، پاکستان ریلوے اور واپڈا سمیت سرکاری ادارے کھلاڑیوں کی سرپرستی کرتے تھے، جس سے انہیں اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور قومی و بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع ملتے تھے۔

وزیراعظم کے مطابق پی ڈی ایم حکومت کے دور میں بھی ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس کی بحالی کا مطالبہ کیا گیا تھا، جس پر انہوں نے اس نظام کی بحالی کے لیے فوری احکامات جاری کیے تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو بلاامتیاز آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے اور ملک میں جہاں بھی صلاحیت اور ٹیلنٹ موجود ہوگا، حکومت اسے بھرپور انداز میں فروغ دے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں میں انعامی چیکس کی تقسیم ان کا حق ہے، جبکہ ان کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی کھیلوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے اہم ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button