اسلام آباد:وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیکنالوجی کے شعبے میں صارف سے پروڈیوسر بننے کی سمت آگے بڑھ رہا ہے۔ ٹیکنالوجی تیزی سے ریاستی نظام، معیشت اور معاشرتی ڈھانچے کو تبدیل کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈیجیٹل نیشنل پاکستان ایکٹ ملک میں ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کا نقطۂ آغاز ہے۔ ٹیکنالوجی اور سائبر سکیورٹی اب قومی سلامتی کے بنیادی معاملات میں شامل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی کے بغیر گورننس میں بہتری اور معاشی ترقی کا حصول ممکن نہیں۔ ڈیجیٹل معیشت کے فروغ سے غیر رسمی کاروباری سرگرمیوں کو باضابطہ بنانے اور ملکی معیشت کو دستاویزی شکل دینے میں مدد ملے گی۔




