راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 74 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقوں میر علی اور اورکزئی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائیاں کی گئیں۔ اس دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 43 دہشت گرد مارے گئے۔ میر علی میں 35 جبکہ اورکزئی میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بلوچستان میں کوئٹہ کے علاقے کرم میں بھی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جہاں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے مزید 31 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 3 نومبر سے جاری آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ کارروائیوں کے نتیجے میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔




