نیویارک: ٹیسلا نے اپنی گاڑیوں کے ڈرائیونگ اسسٹنس سافٹ ویئر کا نیا ورژن متعارف کرا دیا، جس میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اردگرد کے ماحول کو ویڈیو گیم کی طرح اسکرین پر دکھانے کی سہولت شامل کی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹیسلا کے فل سیلف ڈرائیونگ (سپر وائزڈ) سافٹ ویئر کے 15ویں ورژن میں ’’ریئلٹی ویو‘‘ کے نام سے نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔ یہ نظام گاڑی کے کیمروں کی مدد سے سڑک پر موجود گاڑیوں، عمارتوں اور پیدل چلنے والے افراد کا ڈیجیٹل منظر تیار کرکے مرکزی اسکرین پر دکھاتا ہے۔
نئے سسٹم کے ذریعے ڈرائیور گاڑی کی سمت، ممکنہ موڑ اور آٹو پارک کے دوران منتخب کردہ پارکنگ کی جگہ بھی دیکھ سکے گا۔
ٹیسلا کا کہنا ہے کہ سافٹ ویئر میں سڑک کے گڑھوں، چھوٹے جانوروں اور راستے میں موجود رکاوٹوں کو شناخت کرنے کی صلاحیت بھی بہتر بنائی گئی ہے۔
کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ نئے ورژن میں اہم حفاظتی مداخلتوں کے حوالے سے 25 گنا بہتری آئی ہے۔




