واشنگٹن: امریکہ نے ایران کے مبینہ شیڈو بینکنگ نیٹ ورک کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے 8 افراد اور 22 اداروں کو نشانے پر لے لیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق یہ نیٹ ورک ایران کی بین الاقوامی مالیاتی سرگرمیوں اور رقوم کی منتقلی میں کردار ادا کر رہا تھا۔
امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پابندیوں میں ایران، متحدہ عرب امارات، ترکی اور ہانگ کانگ میں موجود ایران سے منسلک ادارے اور افراد شامل ہیں۔ فہرست میں ایرانی کرنسی اینڈ گولڈ ایکسچینج سینٹر بھی شامل کیا گیا ہے۔
امریکی فنانشل کرائمز انفورسمنٹ نیٹ ورک (فِن سین) کے مطابق جنوری 2025 سے اگست 2026 کے درمیان تقریباً 14.7 ارب ڈالر کی ایسی مالی سرگرمیوں کی نشاندہی کی گئی جن کا ممکنہ تعلق ایران کے شیڈو بینکنگ نظام سے ہے۔
شیڈو بینکنگ سے مراد روایتی بینکاری نظام سے باہر مالیاتی سرگرمیاں ہیں، جن میں غیر بینکاری ادارے، کرنسی ایکسچینجز اور دیگر مالیاتی ذرائع رقوم کی منتقلی اور لین دین میں حصہ لیتے ہیں۔امریکی حکام کا الزام ہے کہ ایران اس نظام کے بعض ذرائع کو بین الاقوامی پابندیوں سے بچنے اور بیرون ملک مالیاتی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔




