اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزراء کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف حالیہ سیاسی بیان بازی کا نوٹس لیتے ہوئے کابینہ کے تمام اراکین کو باہمی تنقید سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی وزراء کے ایک دوسرے کے خلاف بیانات سے منفی تاثر پیدا ہوتا ہے، جبکہ اس سے عوامی خدمت اور ملک میں تعمیر و ترقی کے کاموں سے توجہ ہٹتی ہے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ کابینہ اراکین اپنے معاملات افہام و تفہیم کے ساتھ آگے بڑھائیں اور باہمی اختلافات کو خوش اسلوبی سے حل کریں۔
وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ سیاسی بیان بازی سے اجتناب کریں اور عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔




