راولپنڈی: پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعاون کے تحت پاک فوج کے دستے مملکت روانہ کردیے۔ اس موقع پر منعقدہ الوداعی تقریب میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقامی، چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عمر بشیر بھی شریک ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ فوجی دستوں کی سعودی عرب تعیناتی دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی روابط اور دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کا تسلسل ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے، جبکہ حرمین شریفین کا تقدس پاکستان کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔




