لاہور : پنجاب حکومت نے موسلادھار بارشوں کی وجہ سے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈیموں، دریاؤں، تالابوں اور جھیلوں میں تیراکی اور کشتی رانی پر مکمل پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گلیوں، سڑکوں اور عوامی مقامات پر جمع شدہ بارش کے پانی میں نہانے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ یہ اقدامات عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ دفعہ 144 کے تحت یہ پابندیاں 30 اگست تک نافذ رہیں گی۔
دوسری جانب، راولپنڈی میں نالہ لئی کی سطح 15.7 فٹ تک پہنچ چکی ہے جس کے باعث خطرے کے سائرن بج چکے ہیں اور رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
عوام سے اپیل ہے کہ وہ حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور غیر ضروری طور پر خطرناک جگہوں پر جانے سے گریز کریں۔




