لندن/اسلام آباد :پاک فضائیہ نے برطانیہ میں منعقدہ عالمی شہرت یافتہ رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو 2025 (RIAT 2025) میں بھرپور کارکردگی دکھاتے ہوئے جے ایف-17 تھنڈر بلاک تھری اور سی-130 ہرکیولیس طیاروں کے ذریعے اعلیٰ اعزازات حاصل کر لیے۔
جے ایف-17 سی بلاک تھری کو ایئر شو میں اپنی شاندار پرواز، تکنیکی مہارت اور فضائی برتری کے اعتراف میں "اسپرٹ آف دی میٹ” ٹرافی دی گئی۔ اس طیارے نے پاکستان سے برطانیہ تک نان اسٹاپ ایئر ٹو ایئر ریفیولنگ کے ذریعے کامیاب پرواز کی، جو ملکی فضائی صلاحیتوں کی خودمختاری کی علامت ہے۔
اسی دوران، پاک فضائیہ کا مشہور ٹرانسپورٹ طیارہ سی-130 ہرکیولیس "کونکور ڈی الیگانس” ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوا، جو طیارے کی جمالیاتی ترتیب اور پروفیشنل پریزنٹیشن کے لیے دیا جاتا ہے۔
پاک فضائیہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ اعزازات نہ صرف فضائی عملے کی محنت اور صلاحیتوں کی نمائندگی کرتے ہیں بلکہ پاکستان کی دفاعی ایوی ایشن صنعت کی ترقی کا ثبوت بھی ہیں۔
رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو ایک معتبر عالمی ایونٹ ہے جہاں دنیا بھر کے ممالک اپنے جدید فضائی ہتھیار اور مہارتیں پیش کرتے ہیں، اور پاک فضائیہ کی یہ کامیابی خطے میں اس کی مضبوط دفاعی پوزیشن کو اجاگر کرتی ہے۔




